محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے عیدالفطر پر ممکنہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام ہسپتالوں کو الرٹ کردیا۔
جاری نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 24/7 ایمرجنسی سروسز کی بلا تعطل فراہمی، ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کیلئے ڈیوٹی روسٹرز سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، مزید برآں بغیر پیشگی اجازت کسی افسر کو ڈیوٹی سٹیشن نہ چھوڑنے، ایمبولینس اور ریفرل سروسز مکمل طور پر فعال اور تیار حالت میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ادویات، آکسیجن، خون اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے، حادثات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات اور کنٹیجنسی پلان تیار رکھا جائے۔ علاوہ ازیں تمام ہسپتالوں میں صفائی، حفظانِ صحت اور انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے، گلیات، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور دیگر سیاحتی و ٹرانزٹ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کو مزید موثر بنایا جائے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ہیلتھ سروسز میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر کے 24 گھنٹے مانیٹرنگ اور رابطہ کاری یقینی بنائی جائے، آئی ایم یوکے ذریعے ہیلتھ سہولیات کی مسلسل نگرانی، سٹاف حاضری اور سروس ڈیلیوری پر نظر رکھی جائے اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور رئیل ٹائم رپورٹنگ کے ذریعے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔
نوٹیفکیشن میں تمام اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ محکمہ صحت کے کنٹرول روم کو ارسال کرنے، ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ عوامی سہولت کیلئے ہیلپ لائنز فعال و نمایاں مشتہر کی جائیں۔


