ہومپاکستانفیلڈ مارشل سے اہل تشیع علماء کی ملاقات، قومی اتحاد، برداشت و...

فیلڈ مارشل سے اہل تشیع علماء کی ملاقات، قومی اتحاد، برداشت و معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ پر زور

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی اتحاد و معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی جذبات کو تشدد کیلئے بھڑکانے کی اجازت نہیں دیں گے، کسی دوسرے ملک میں ہونیوالے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد، عوام کیخلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہل تشیع علمائے کرام نے ملاقات کی جس میں قومی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں اتحاد، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کے کردار، گمراہ کن معلومات، فرقہ واریت اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی جذبات کو تشدد کیلئے بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی دوسرے ملک میں ہونے والے واقعات کی بنیاد پر پاکستان میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ علما کرام اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار کردار ادا کر سکتے ہیں لہٰذا وہ گمراہ کن معلومات، فرقہ وارانہ بیانیہ اور بیرونی سازشوں کے تدارک، انتہاپسندی کے خاتمے اور قومی اتحاد کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ افغان طالبان اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکیں، پاکستان اپنے عوام کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں ،ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کو جہاں کہیں بھی ہوئے آپریشنز کے زریعے ختم کیا جائے گا آپریشن غضب للحق کا مقصد بھی یہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کیخلاف مو ثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر علمائے کرام نے مذہب کے نام پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملک میں امن و استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں