برطانیہ کی کنزیومر ہیلتھ کمپنی ہیلین نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ شنگھائی میں منہ اور دانتوں کی دیکھ بھال کی مصنوعات کے ایک نئے پیداواری مرکز کے قیام کے لئے تقریباً 60 کروڑ یوآن (تقریباً 8 کروڑ 69 لاکھ امریکی ڈالر) سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ اقدام چین کی صارفین کی صحت سے متعلق مصنوعات کی منڈی میں کثیر القومی کمپنیوں کی مسلسل دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ پیداواری مرکز سال 2027 کے اختتام تک متوقع طور پر مکمل ہو جائے گا۔ یہ مرکز منہ اور دانتوں کی دیکھ بھال کی بنیادی مصنوعات کی تیاری پر توجہ دیتے ہوئے ان کی مقامی سپلائی چین کو مزید مضبوط بنائے گا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برائن میک نامارا سازگار کاروباری ماحول کے باعث چین میں مستقبل کے امکانات کے حوالے سے نہایت پُراعتماد ہیں۔
ساؤنڈ بائٹ (انگریزی): برائن میک نامارا، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ہیلین
"آج ہم نے ایک نئی مینوفیکچرنگ فیکٹری میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
ہم چینی منڈی کے حوالے سے خاصے پُرامید ہیں۔ چین میں کئی بنیادی رجحانات ہمارے حق میں جا رہے ہیں جیسے لوگوں میں بڑھاپے کی علامتوں کا تیزی سے ظاہر ہونا، ابھرتا ہوا متوسط طبقہ، صحت اور تندرستی پر بڑھتی توجہ۔اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت کی ’صحت مند چین 2030‘ حکمتِ عملی جو واقعی ہماری کمپنی ہیلین کے کاروباری وژن سے ہم آہنگ ہے۔
منہ اور دانتوں کی صحت سے متعلق مصنوعات کے کاروبار کے لئےیہاں ہماری اپنی فیکٹری کا ہونا ہمیں کام میں زیادہ تیزی اور جدت لانے کا موقع ملے گا اور ہم مقامی چینی صارفین کی ضروریات کو پہلے سے بہتر انداز میں پورا کر سکیں گے۔
مجھے چین میں واضح طور پر ایک کاروبار دوست اور معاون ماحول نظر آتا ہے۔
ہم اپنے عالمی پلیٹ فارم اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں مقامی صارفین کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔”
ہیلین دراصل تین بڑی دوا ساز کمپنیوں گلیکسو اسمتھ کلائن، نووارٹس اور فائزر کے کنزیومر ہیلتھ ڈویژنز کو ملا کر قائم کی گئی تھی۔ یہ کمپنی گزشتہ برسوں کے دوران چین میں اپنی موجودگی مسلسل بڑھا رہی ہے۔ اس وقت چین میں فروخت ہونے والی ہیلین کی تقریباً 85 فیصد مصنوعات مقامی طور پر تیار کی جاتی ہیں۔
کمپنی کا منصوبہ ہے کہ سال 2027 تک اپنے ٹوتھ پیسٹ برانڈ "پیروڈونٹیکس” کو چین کے 30 شہروں تک وسعت دے اور تقریباً 25 کروڑ صارفین تک رسائی حاصل کرے۔
شنگھائی، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
برطانوی صارف صحت کمپنی ہیلین کاچین میں نئی سرمایہ کاری کا اعلان
منہ اور دانتوں کی دیکھ بھال کی مصنوعات کا نیا پیداواری مرکز شنگھائی میں بنے گا
منصوبے پر تقریباً 60 کروڑ یوآن کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے
نئی فیکٹری متوقع طور پر سال 2027 کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی
کمپنی چین میں اپنی مقامی سپلائی چین کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے
چین کی وسیع صحت منڈی غیر ملکی کمپنیوں کے لئے پرکشش ہے
کمپنی کے اہداف”صحت مند چین 2030″ حکمت عملی سے ہم آہنگ ہیں
ہیلین اپنے برانڈ ٹوتھ پیسٹ کو چین کےمزید شہروں تک وسعت دینا چاہتی ہے
کمپنی کا ہدف 2027 تک چین میں تقریباً 25 کروڑ صارفین تک پہنچنا ہے


