واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ اس ہفتے ختم ہو جائے گی تاہم انہوں نے اپنے پہلے کے دعوے کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع "جلد” ختم ہو جائے گا۔
وائٹ ہاؤس میں ایک صحافی کے سوال کہ کیا جنگ اس ہفتے ختم ہو سکتی ہے، پر ٹرمپ نے جواب دیتے ہوئے کہا "مجھے ایسا نہیں لگتا، لیکن یہ جلد ختم ہو جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا "زیادہ دیر نہیں لگے گی، یہ جلد نمٹا دی جائے گی۔”
صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ "جلد” ان ممالک کے ناموں کا اعلان کریں گے جو وائٹ ہاؤس کی جانب سے تجویز کردہ اتحاد میں شامل ہونے پر آمادہ ہیں جس کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ یہ ایک اہم آبی گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔
تاہم ایسا لگتا ہے کہ امریکہ کے کئی اتحادی یا تو غیر فیصلہ کن ہیں یا اس میں شامل ہونے سے انکار کر چکے ہیں۔
ٹرمپ نے پیر کے روز یورپی اتحادیوں کو اس اتحاد میں شامل ہونے سے ہچکچاہٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ ہم ہمیشہ ان کے لئے موجود ہوتے ہیں لیکن وہ ہمارے لئے کبھی نہیں ہوتے۔


