ہومپاکستانوزیراعظم کی پی اے آر سی کو چینی ایگریکلچرل سائنسز اکیڈمی کی...

وزیراعظم کی پی اے آر سی کو چینی ایگریکلچرل سائنسز اکیڈمی کی طرز پر اعلی تحقیقاتی ادارہ بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کی تنظیم نو کی اصولی منظور د ے دی۔

جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزرات قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پی اے آر سی کے امور پر اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی ہارون اختر اور طارق باجوہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت احمد عمیر اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو پی اے آرسی کو زرعی تحقیق و جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ فعال ادارہ بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی غذائی ضروریات پوری کرنے، زرعی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے پی اے آر سی کو ایک فعال ادارہ بنانے کیلئے گورننس ڈھانچے میں اصلاحات، بہترین تحقیقی عملے کی خدمات، بین الاقوامی شراکت داری، صوبائی حکومتوں کے ساتھ بہتر روابط، اور کارکردگی کے واضح اہداف اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ پی اے آر سی کے تحت کام کرنیوالے تمام تحقیقی مراکز کو یکجا کرکے پانچ سنٹر آف ایکسیلنس بنائے جائینگے، یہ سنٹرز زیادہ پیداوار والے بیج، اعلی نسل کے مویشی، پریسیشن ایگریکلچر، فارم میکانائزشن اور اس میں اے آئی کا استعمال، اور زرعی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے لیے فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تحقیق کا کام کرینگے، زرعی تحقیق کو انڈسٹری کے ساتھ جوڑا جائیگا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ زرعی تحقیق کا ملکی زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے کے فروغ میں کردار کلیدی ہے۔

انہوں نے ٹائم لائن کیساتھ پی اے آر سی کی تنظیم نو کا جامع پلان تیار کرنے کی منظوری دی اور پی اے آر سی کو چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے طرز پر زرعی تحقیق کے حوالے سے اعلی تحقیقاتی ادارہ بنانے کا حکم دیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں