بغداد (شِنہوا) بغداد کے گرین زون میں واقع امریکی سفارت خانے پر منگل کی صبح سویرے حملے کے بعد اس کے احاطے میں موجود تنصیبات میں آگ لگ گئی۔
عراق کی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ بارودی مواد سے لیس 2 ڈرون سفارت خانے کی حدود کے اندر آ گرے اور اس کے بعد ہونے والے دھماکوں سے آگ بھڑک اٹھی جو کمپلیکس کے باہر سے بھی نظر آ رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق حملے کے دوران فوری طور پر پورے مقام پر سائرن بجنے لگے جبکہ سفارت خانے کا دفاعی نظام آنے والے ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہا۔
فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی تاہم بھڑکنے والی آگ سے تنصیبات کو مادی نقصان پہنچنے کا عندیہ ملتا ہے۔
سفارت خانے پر پیر کی شام سے لے کر منگل کی صبح کے ابتدائی اوقات تک متعدد بار حملے کئے گئے۔
بغداد کے وسطی علاقے میں واقع گرین زون میں امریکی سفارت خانے سمیت عراقی حکومتی عمارتیں، پارلیمنٹ اور کئی غیر ملکی مشنز موجود ہیں۔ یہ سخت حفاظتی حصار والا علاقہ حالیہ برسوں میں اکثر راکٹ اور مارٹر حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔


