پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سیدہ طوبیٰ انور نے برطانیہ میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہاں انکا نیا خریدا ہوا آئی فون سٹریٹ سکیمنگ کے ذریعے چوری ہوگیا تھا۔
حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی سال بعد چھٹیاں گزارنے کیلئے لندن گئی تھی اور اس سفر کیلئے بہت پرجوش تھی، برطانیہ پہنچ کر میں نے ایک نیا آئی فون خریدا تھا جس پر میں بے حد خوش تھی، میں اپنی ایک دوست کیساتھ ایک بیکری اور کیفے میں بیٹھی تھی، اسی دوران ایک لڑکی میرے پاس آئی اور کوکیز کی طرف اشارہ کرنے لگی، مجھے لگا کہ شاید وہ کوکی مانگ رہی ہے اسلئے میں نے اسے کوکی دینے کی پیشکش کی، اسی دوران اس لڑکی نے ایک کاغذ میرے فون پر رکھا اور اپنے ساتھی کیساتھ ملکر انتہائی مہارت سے میرا آئی فون اور کوکی دونوں چرا لئے۔
طوبی انور نے بتایا کہ چوری اتنی صفائی سے کی گئی کہ مجھے اسکا فوری طور پر احساس بھی نہیں ہوا، جب میری بہن وہاں پہنچیں تو انہوں نے پوچھا کہ کیا ہوا، میں نے جب اپنا فون تلاش کیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھا اس واقعہ کے بعد میں شدید صدمہ کا شکار ہوگئی اور کئی دن تک گھر سے باہر نہیں نکل سکی، بعد ازاں بہن نے مجھے نیا آئی فون خرید کر دیا جس کے بعد میں معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکی۔


