نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی سطح پر اقدامات کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن قرار دیا۔
انکا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہیں، انہوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی، مساجد پر حملوں اور حجاب پہننے والی خواتین کو نشانہ بنانے کے واقعات کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ میں خصوصی ایلچی کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ کیساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا کو اسلاموفوبیا کی مذمت اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے متحد ہونا ہوگا۔


