ہومپاکستانافغانستان میں پاکستانی کارروائیوں پر بھارتی موقف مضحکہ خیز، دفتر خارجہ

افغانستان میں پاکستانی کارروائیوں پر بھارتی موقف مضحکہ خیز، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور انکی معاونت کرنیوالے مراکز کیخلاف پاکستان کی جائز کارروائیوں کیخلاف بھارت کے موقف کو مضحکہ خیز اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں افغان سر زمین سے سرگرم دہشتگردوں کے نیٹ ورک کی تباہی پر بھارت کی مایوسی قابل فہم ہے، بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر دہشتگردی کیلئے استعمال کرنے سے باز رہے۔

بھارت کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان پر ردعمل کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ افغانستان کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور انکی معاونت کرنیوالے مراکز کیخلاف پاکستان کی جائز، ٹارگٹڈ اور متعین کارروائیوں کے بارے میں بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے ریمارکس نہ صرف مضحکہ خیز اور بلاجواز بلکہ انتہائی منافقانہ بھی ہیں، افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہوں جن میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان شامل ہیں، کی بھارت کی جانب سے فعال حمایت اور سرپرستی ایک معلوم حقیقت ہے لہٰذا افغانستان میں اپنے دہشتگرد نیٹ ورک کی تباہی پر بھارت کی مایوسی قابل فہم ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے اور اقوام متحدہ کے منشور و سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ جمائے ہوئے ہے اور اس علاقے میں ریاستی دہشتگردی کا مرتکب رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہندوتوا کی انتہا پسندانہ سوچ کے زیر اثر بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کو منظم انداز میں انکے حقوق سے محروم کر رہا ہے، اسلاموفوبیا کو فروغ دے رہا ہے یہاں تک کہ اپنے معاہداتی تقاضوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانی کو بھی بطور ہتھیار استعمال کر چکا ہے، بھارت نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے میں تخریب کار کردار ادا کرتا رہا ہے، ایسے شرمناک ریکارڈ کیساتھ بھارت کو اس قسم کے بیانات دینے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔

اسے چاہئے کہ وہ افغان سرزمین کو پاکستان کے اندر دہشت گردی بھڑکانے کے لیے استعمال کرنے سے باز رہے، پاکستان اپنی جانب سے بین الاقوامی قانون بشمول اقوام متحدہ کے منشور، کے مطابق اپنے دفاع اور اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر مناسب اقدام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں