پیانگ یانگ (شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کی فوج کے مغربی علاقے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے توپ خانے کے ذیلی یونٹ نے 14 مارچ کو گولہ باری کی مشق کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے کورین سنٹرل نیوزایجنسی (کے سی این اے) کی رپورٹ کے مطابق ان مشقوں میں 600 ملی میٹر کے 12 انتہائی درست ملٹی پل راکٹ لانچرز اور توپ خانے کی دو کمپنیوں نے حصہ لیا۔
ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری اور ڈی پی آر کے کے ریاستی امور کے صدر کم جونگ اُن نے مشقوں کا موقع پر مشاہدہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق داغے گئے راکٹوں نے جزیرہ نما کے مشرقی سمندری علاقے میں تقریباً 364.4 کلومیٹر دور ہدف کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق ڈی پی آر کے کے رہنما نے کہا کہ حملے کی سب سے مضبوط صلاحیت دراصل قابل اعتماد دفاعی صلاحیت بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کا ملک طاقتور فوجی صلاحیتوں کے ذریعے دیرپا امن برقرار رکھے گا۔


