ہومتازہ ترینچین میں کام اور ذاتی زندگی میں توازن بہتر بنانے اور کھپت...

چین میں کام اور ذاتی زندگی میں توازن بہتر بنانے اور کھپت کے فروغ کے لئے تعطیلاتی اصلاحات پر غور

بیجنگ (شِنہوا) چین میں گھریلو کھپت کو فروغ دینے اور عوامی فلاح و بہبود بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت تعطیلات کے شیڈول اور با معاوضہ چھٹیوں کی پالیسیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ یہ موضوع حال ہی میں منعقد ہونے والے قومی مقننہ اور اعلیٰ سیاسی مشاورتی ادارے کے سالانہ اجلاسوں میں زیر بحث آیا، جہاں شہریوں کو تعطیلات کے شیڈول اور با معاوضہ چھٹیوں کے استعمال میں زیادہ لچک دینے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

اس سال کی حکومتی کارکردگی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ جہاں ممکن ہو وہاں پرائمری اور سیکنڈری سکولوں کے طلبہ کے لئے بہار اور خزاں کی تعطیلات متعارف کرائی جائیں، جبکہ مرحلہ وار با معاضہ چھٹیوں کے نظام کو بھی نافذ کیا جائے۔

یہ تجاویز اس بڑھتے ہوئے ادراک کی عکاسی کرتی ہیں کہ تفریح اور فراغت کا وقت نہ صرف عوامی فلاح کے لئے اہم ہے بلکہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت میں اخراجات اور کھپت کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

تعطیلات پر بڑھتی توجہ پالیسی سوچ میں تبدیلی کو ظاہر کرتی ہے۔ 2024 کی حکومتی رپورٹ میں با معاوضہ چھٹی کے مکمل نفاذ پر زور دیا گیا تھا، جبکہ 2025 کی رپورٹ میں چھٹیوں کے نظام کو بہتر بنانے کی بات کی گئی تھی۔ اس سال کی رپورٹ میں مرحلہ وار با معاوضہ چھٹیوں کا تصور پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد سال بھر سفر اور تفریحی سرگرمیوں کو زیادہ متوازن انداز میں پھیلانا ہے۔

یہ طریقہ کار اکتوبر میں آنے والی گولڈن ویک جیسے مصروف سفری اوقات کے دوران دباؤ کم کرنے کے ساتھ ساتھ کھپت کے زیادہ مستحکم رجحانات پیدا کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

قومی عوامی کانگریس کے رکن اور سینوپیک کے ہانگ کانگ میں چیف سپلائی چین آفیسر گورڈن لام کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار با معاوضہ چھٹیوں کو فروغ دینے سے کھپت صرف گولڈن ویک جیسے مخصوص اوقات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ سال بھر زیادہ متوازن انداز میں جاری رہے گی۔

پرائمری اور سیکنڈری سکولوں میں بہار اور خزاں کی تعطیلات متعارف کرانے کی تجویز نے بھی توجہ حاصل کی ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کے خیال میں اس سے آف سیزن میں خاندانی سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں