واشنگٹن (شِنہوا) وال سٹریٹ جنرل نے ایک امریکی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوہفتوں کے دوران اب تک 13 امریکی فوجی ہلاک ہو ئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 10 دیگر امریکی فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں اور تقریباً 200 کو چوٹیں آئیں۔ رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں سے 170 فوجی واپس اپنی ڈیوٹی پر آگئے ہیں۔
پینٹا گون نے کہا ہے کہ مرنے والوں میں 6 فوجی کویت میں حملے کے دوران ہلاک ہوئے۔ایک اور فوجی، جو سعودی عرب میں پرنس سلطان ایئر بیس پر حملے میں زخمی ہوا تھا، سات دن زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
امریکی سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ مغربی عراق میں امریکہ کا کے سی-135 ری فیولنگ جہاز گر کر تباہ ہونے سے عملے کے 6 ارکان کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
کمانڈ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ جہاز آپریشن ایپک فیوری کے دوران دوستانہ فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا۔


