پاکستانی اداکار وٹی وی میزبان فہد مصطفی نے کہا ہے کہ میں مغرور ہوں نہ ہی ٹام کروز یا شاہ رخ خان، البتہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے زیادہ مقبول ہوں۔
حال ہی میں اداکار اپنی آنیوالی فلم آگ لگی بستی میں کی تشہیر کیلئے صحافی ملیحہ رحمان کے یوٹیوب شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے بارے میں پھیلنے والے غرور کے تاثر پر بات کی۔
فہد مصطفی کا کہنا تھا میں مغرور نہیں ہوں، بس اتنا سمجھدار ہوں کہ مجھے معلوم ہے کہاں کھل کر بات کرنی ہے اور کہاں خود کو محدود رکھنا ہے اور اگر لوگ اسے غرور سمجھتے ہیں تو سمجھیں، یہ میرا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے لگے کہ میری اور سامنے والے کی ویو یا ماحول نہیں مل رہا تو میں خاموش ہو جاتا ہوں لیکن کبھی لوگوں کیساتھ آسانی سے گھل مل جاتا ہوں اور کبھی نہیں، لوگ مجھے جانتے ہیں لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ میں نظر انداز ہو جاتا ہوں۔
انہوں نے کہا میں اکثر تقریبات میں نہیں جاتا کیونکہ لوگ پہچان لیتے ہیں اور پھر وہ ایک مسئلہ بن جاتا ہے، ہر وقت آپ اچھے نہیں لگتے اور لوگ تصویریں بھی لے لیتے ہیں جو اکثر اچھی نہیں آتیں۔
انٹرویوز میں غلطیاں کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا میں اتنی غلطیاں نہیں کرتا جتنی میرے اردگرد کے لوگ کر دیتے ہیں، میں مانتا ہوں کہ میں اتنا اہم اور مقبول ہوں کہ لوگ اپنے انٹرویوز میں میرا ذکر کرنا پسند کرتے ہیں، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مشہور شخصیات ہر شو میں میرا ذکر کیوں کرتی ہیں لیکن مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہر کوئی میرا ذکر کرنا چاہتا ہے، میں تعریف سے ڈرتا ہوں کیونکہ جب زیادہ تعریف ہو جائے تو لوگ یہی سوچنے لگتے ہیں کہ اب مجھے دوبارہ کیسے نیچے لایا جائے۔


