ہومپاکستاناسلام آباد ہائیکورٹ، عمران کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد، میڈیکل...

اسلام آباد ہائیکورٹ، عمران کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد، میڈیکل بورڈ تشکیل کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیدیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب طاہر نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ ہم نے گوگل بھی چیک کیا تھا، ڈاکٹر ندیم قریشی بہترین ریٹینا اسپیشلسٹ ہیں، آپ انکو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرکے ٹیسٹ کرلیں۔

عدالت نے کہا ہم یہ نہیں کہیں گے کہ تین دن یا تین ماہ رکھیں، دیکھ لیں یہ ساری ذمہ داری آپ لے رہے ہیں، اگر کل کچھ ہو گیا تو کیا آپ ذمہ داری لیں گے، اس پر ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت نے کہا کہ ہم ذمہ داری لیں گے۔

عدالت نے عمران خان کی جیل سے نجی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے استدعا مسترد کردی۔

جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری حکم جاری کیا جس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق درخواست پر طبی معائنے کیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد کو فوری طور پر بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی، بورڈ میں ڈاکٹر محمد عارف خان اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی شامل ہونگے، میڈیکل بورڈ اپنی سفارشات مرتب کر کے جلد از جلد چیف کمشنر اسلام آباد کو فراہم کریگا، چیف کمشنر میڈیکل بورڈ کی سفارشات اور جیل قوانین کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرینگے۔

یہ بھی حکم دیا گیا کہ پاکستان پریزن رولز کے رول 795کے تحت قیدی کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر لواحقین کو مطلع کرنا لازمی ہے، عدالت نے جیل حکام کو رولز کے مطابق سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیدیا، سپرنٹنڈنٹ جیل کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت میں گزشتہ دوروں کی نسبت بہتری آئی ہے، عدالتی حکم میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپنے وکلا سے ملاقات کیلئے لارجر بنچ کے طے کردہ طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں