شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی کے ایک مصروف دفتر کی عمارت میں درجنوں سفید پوش کارکنان ایک عملی مصنوعی ذہانت (اے آئی) تربیتی سیشن میں شریک ہوئے جو شہر میں اے آئی ٹرینر بننے کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ ابھرتا ہوا پیشہ، جسے چین کے پیشہ ورانہ پروگراموں کی فہرست میں باضابطہ طور پر اے آئی ٹرینر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، شنگھائی میں "نایاب پیشے” کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔ جیسے جیسے اے آئی صنعتوں کو بدل رہا ہے، یہ ٹرینرز انسانوں اور مشینوں کے درمیان "مترجم” کا کردار ادا کرتے ہیں، یہ یقینی بناتے ہیں کہ اے آئی سسٹمز حقیقی دنیا کی ضروریات کو سمجھیں۔
کمپیوٹر سائنس کا پس منظر نہ رکھنے والے چھن کے نے کہا کہ میں نے وی چیٹ پر دیکھنے کے بعد اے آئی ٹرینر کورس کرنے کا فیصلہ کیا۔ تربیت کے ذریعے انسٹرکٹر پیچیدہ نظریات کو آسان بناتے ہیں اور میرے جیسے ابتدائی افراد کو عملی کام کے ذریعے سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ اس شعبے میں نئے افراد بھی اے آئی کی دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں۔
کورس کے جنرل منیجر پان پان نے بتایا کہ اس کورس کو صنعتی تربیت اور مہارت کی ترقی کے ایک مرکز کی جانب سے فراہم کیا جا رہا ہے، جسے میونسپل حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ اس میں 30 فیصد نظریاتی تعلیم اور 70 فیصد عملی تربیت شامل ہے اور اس کا زیادہ تر ہدف ہفتے کے آخر میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد ہیں۔
پان نے اس بات پر زور دیا کہ انسٹرکٹر نصاب کو مسلسل صنعت کی بصیرت اور حقیقی دنیا کے منظرناموں کے مطابق بہتر کرتے ہیں تاکہ سیکھنے والوں کو ابتدا سے اختتام تک معلومات فراہم کی جا سکیں۔
بہت سے لوگوں کے لئے یہ سرٹیفیکیشن کیریئر کی تبدیلی کا سبب بنتاہے۔ دوا سازی کی تحقیق و ترقی کے متعلق جاپانی کمپنی کے محقق یی ژو نے کہا کہ اے آئی تربیت میری پیشہ ورانہ ترقی اور تبدیلی کی ضروریات کے ساتھ بالکل مطابقت رکھتی ہے۔
ادارے سرٹیفائیڈ اے آئی ٹرینرز کو ملازمت دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ شنگھائی آئیڈیل انفارمیشن انڈسٹری (گروپ) کمپنی لمیٹڈ میں تربیت یافتہ ٹرینرز "اے آئی پروڈکٹ کی تعیناتی کے آخری مرحلے کے محافظ” کے طور پر کام کرتے ہیں، جہاں وہ ڈیٹا کی نشاندہی، ماڈل کی اصلاح اور معیار کی جانچ کی نگرانی کرتے ہیں۔
کمپنی کی جنرل منیجر لی نا نے کہا کہ شنگھائی میں اے آئی ٹرینر کی ملازمت کی مانگ 30 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہے، لیکن وہ ہنر مند افراد جن کے پاس تکنیکی اور صنعتی مہارت دونوں ہوں، ابھی بھی نایاب ہیں، جس کی وجہ سے بھرتی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مقامی پالیسیوں کو کریڈٹ دیا، جنہوں نے سبسڈیز کے ذریعے تربیت کی لاگت کم کی اور ایک "مارکیٹ کی قیادت، اداروں کی پرورش اور پالیسی کی حمایت” والے ماحولیاتی نظام کو فروغ دیا۔
2025 میں شنگھائی میں 16ہزار 300 افراد نے اے آئی ٹرینرز کے لئے حصہ لیا جن میں سے 10ہزار 900 نے یہ سند حاصل کی۔


