چین کے تیار کردہ ‘ تیانما 1000’ بغیر پائلٹ مال بردار طیارے نے اتوار کےروز کامیابی سے اپنی پہلی پرواز مکمل کر لی ہے۔
چائنہ نارتھ انڈسٹریز گروپ کارپوریشن کے تحت شی آن اے ایس این ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا تیار کردہ ‘تیانما 1000’ میں لاجسٹکس ترسیل، ہنگامی امداد اور سامان کی فراہمی کو ایک ہی پلیٹ فارم میں یکجا کیا گیاہے۔
طیارہ ساز کمپنی کے مطابق یہ چین کا پہلا بغیر پائلٹ طیارہ ہے جو بلند اور پیچیدہ علاقوں میں اڑ سکتا ہے، انتہائی کم فاصلے میں ٹیک آف اور لینڈنگ کر سکتا ہے اور مال برداری سے ایئر ڈراپ موڈ میں تیزی سے منتقل ہو جاتا ہے۔
ایک ہزار آٹھ سو کلومیٹر تک کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی صلاحیت کے ساتھ یہ طیارہ تیز تر ترسیل کے لئے ‘ایئر ایکسپریس لائنیں’ قائم کر سکتا ہے۔ اس میں ذہین راستے کی منصوبہ بندی اور رکاوٹوں سے بچنے کے جدید نظام موجود ہیں جو پہاڑوں اور عمارتوں جیسی رکاوٹوں کو خودکار طور پر پہچان کر محفوظ انداز میں ان کے گرد اپنا راستہ بنا لیتے ہیں۔ یوں ناواقف فضائی حدود میں بھی محفوظ آپریشن ممکن بناتے ہیں۔
اس میں ماڈیولر کارگو کیبن موجود ہے جو مختلف کاموں کے لئے فوری ترتیب کی سہولت فراہم کرتا ہے اور مختلف آپریشنز کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت بڑھاتا ہے۔
اس طیارے کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی حد 8 ہزار میٹر ہے اور اسے ٹیک آف اور لینڈنگ کے لئے 200 میٹر سے کم رن وے کی ضرورت ہوتی ہے۔ لینڈنگ کی کم شرائط کی بدولت یہ گھاس والے میدانوں اور دبائی ہوئی سخت مٹی کی سڑکوں جیسی غیر ہموار سطحوں پر بھی لینڈنگ یا پرواز کر سکتا ہے۔
اس طیارے میں خودکار لوڈنگ اور ان لوڈنگ نظام موجود ہے جو پانچ منٹ میں ٹنوں کے حساب سے سامان سنبھال سکتا ہے اور منصوبہ بندی سے لے کر عمل درآمد تک تمام مراحل کو مکمل طور پر خودکار بنا دیتا ہے۔
ایک بصری رہنمائی والا لینڈنگ سسٹم کم حدِ نگاہ میں بھی انتہائی درست خودکار لینڈنگ ممکن بناتا ہے اور مشکل ماحول میں آپریشنز میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
شی آن، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
چین میں بغیر پائلٹ کارگو طیارے نے پہلی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی
’تیانما 1000‘ لاجسٹکس، ہنگامی امداد اور سامان کی ترسیل کے لئے تیار کیا گیا
یہ خودکار طیارہ بلند اور پیچیدہ پہاڑی علاقوں میں پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے
طیارہ انتہائی کم فاصلے پر ٹیک آف اور لینڈنگ کر سکتا ہے
مال برداری سے ایئر ڈراپ موڈ میں فوری منتقلی ممکن ہے
طیارے کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی حد 1800 کلومیٹر ہے
جدید ذہین نظام پہاڑوں اور عمارتوں سے خودکار طور پر بچاؤ ممکن بناتا ہے
ماڈیولر کارگو کیبن مختلف مشنز کے لئے فوری ترتیب کی سہولت فراہم کرتا ہے
پانچ منٹ میں ٹنوں کے حساب سے سامان کی خودکار لوڈنگ اور ان لوڈنگ ممکن ہے
طیارہ کم حدِ نگاہ میں بھی انتہائی درست خودکار لینڈنگ انجام دے سکتا ہے


