واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر ایران کی حکومت نے ملک میں احتجاج کرنے والے افراد کو ’’قتل کرنا شروع کیا‘‘ تو امریکہ اس پر “بہت سخت حملہ” کرے گا۔
ٹرمپ نے ایک قدامت پسند ریڈیو کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں نے انہیں بتا دیا ہے کہ اگر وہ لوگوں کو قتل کرنا شروع کریں گے تو ہم ان پر بہت سخت حملہ کریں گے۔
ٹرمپ اور امریکی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام نے حال ہی میں کئی مواقع پر خبردار کیا ہے کہ اگر ایران ’’پرامن مظاہرین کو قتل کرتا ہے‘‘ تو واشنگٹن کارروائی کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ملک میں حالیہ بدامنی سے متعلق بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’مداخلت پسندانہ اور فریب پر مبنی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ایرانی عوام کے خلاف واشنگٹن کی مسلسل دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے اندرونی معاملات پر امریکی تبصرے ایرانی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حقیقی تشویش کے بجائے دباؤ اور مداخلت کی ایک طویل مدتی پالیسی کا حصہ ہیں۔


