واشنگٹن (شِنہوا) ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ مبینہ فلاحی فراڈ کے الزام میں 5 ڈیموکریٹک ریاستوں منی سوٹا، کیلیفورنیا، نیویارک، الینوائے اور کولوراڈو کے لئے 10 ارب امریکی ڈالر کی وفاقی فنڈنگ منجمد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
دی نیویارک ٹائمز کے مطابق اس فنڈنگ میں بچوں کی نگہداشت کی سبسڈیز، سماجی خدمات اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لئے نقد امداد شامل ہے۔ یہ رقوم ان ریاستوں میں مبینہ طور پر وسیع پیمانے پر دھوکہ دہی کے دعوؤں کی بنیاد پر روکی جا رہی ہیں تاہم ان دعوؤں کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کئے گئے۔ یہ اقدام منی سوٹا میں سامنے آنے والے ایک بڑے فلاحی دھوکہ دہی کے سکینڈل کے بعد کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فنڈنگ میں یہ تعطل پانچوں ریاستوں میں کم آمدنی والے لاکھوں گھرانوں کو خدمات فراہم کرنے والے پروگراموں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
یہ تازہ منصوبہ ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے اس اقدام کے صرف ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جب حالیہ برسوں میں مبینہ فراڈ کے متعدد واقعات کے بعد شمالی ریاست منی سوٹا کے لئے 18 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی وفاقی فنڈنگ روک دی گئی تھی۔
منی سوٹا کے گورنر ٹم والز نے ٹرمپ انتظامیہ پر اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ تیسری مدت کے لئے انتخاب لڑنے سے دستبردار ہو رہے ہیں کیونکہ ان کی ریاست میں فلاحی دھوکہ دہی کا سکینڈل شدت اختیار کر گیا ہے۔


