لاس اینجلس(شِنہوا)سال 2025 کے دوران امریکہ میں کم از کم 40 ہزار افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں سے 14 ہزار 600 افراد ہلاک اور 26 ہزار 100 زخمی ہوئے۔
گن وائلنس آرکائیو (جی وی اے) کے جاری کردہ ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق 2025 میں امریکہ میں فائرنگ کے 407 بڑے واقعات ہوئے جن میں چار یا اس سے زیادہ افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، ان جانی نقصانات میں وہ حملہ آور شامل نہیں جو ایسے کسی واقعے میں ہلاک یا زخمی ہوئے۔ جی وی اے ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو 2013 میں قائم کی گئی تھی تاکہ امریکہ میں اسلحے سے متعلقہ تشدد کے متعلق درست معلومات عوام کو مفت فراہم کی جا سکیں۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ 11 سال یا اس سے کم عمر کے 224 بچے بھی فائرنگ کے واقعات میں ہلاک ہوئے، عمر کے اسی حصے سےتعلق رکھنے والے 461 بچے ایسے واقعات میں زخمی ہوئے جبکہ12 سے 17 سال کی عمر کے ایک ہزار 30 نوجوان فائرنگ کے ان واقعات میں ہلاک اور 2 ہزار 733 زخمی ہوئے۔
جی وی اے کے فائرنگ سے متعلق اعدادوشمار میں قتل، دفاعی فائرنگ اور حادثاتی فائرنگ کے واقعات بھی شامل ہیں تاہم اس میں خودکشی کے واقعے شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ امریکہ کے بیماریوں کی روک تھام اور بچاؤ کے محکمے کے ابتدائی اعداد وشمار کا حوالہ دیتے ہوئے جی وی اے نے رپورٹ کیا ہے کہ 2025 میں 24 ہزار افراد آتشیں اسلحے کے استعمال سے ہونے والی خودکشیوں میں ہلاک ہوئے۔


