بیجنگ(شِنہوا)چینی مین لینڈ کے ایک عہدیدار نے آبنائے تائیوان کے پار تعلقات کی پرامن ترقی کو فروغ دینے اور قومی اتحاد کے حصول کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے تائیوان ورک آفس اور ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کے سربراہ سونگ تاؤ نے تائیوان کے عوام کے نام پیغام میں نئے سال کی مبارکباد اور دلی نیک تمنائیں پیش کیں۔ یہ پیغام رواں سال جریدے ’’آبنائے تائیوان کے پار تعلقات‘‘ کے پہلے شمارے میں شائع ہوا۔
ایک چین کے اصول اور 1992 کے اتفاق رائے کو دہراتے ہوئے سونگ تاؤ نے کہا کہ 2026 میں مین لینڈ آبنائے پار تبادلوں اور تعاون کو مزید وسعت دیتا رہے گا اور مربوط ترقی کو فروغ دے گا جبکہ "تائیوان کی آزادی” کے خواہاں علیحدگی پسند اقدامات اور بیرونی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جائے گا۔
سونگ تاؤ نے کہا کہ ہم ایک چین کے اصول اور 1992 کے اتفاق رائے کی بنیاد پر تائیوان کی سیاسی جماعتوں، تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ آبنائے پار تعلقات اور قومی اتحاد کے بارے میں مکالمے اور مشاورت کے لئے تیار ہیں۔
سونگ تاؤ نے کہا کہ 2025 میں مشکلات کے باوجود آبنائے پار تعلقات نے پیش رفت کی اور قومی اتحاد کے لئے رفتار اور قوت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ تائیوان کے باشندوں کے لئے مین لینڈ کا سفر مزید آسان بنایا گیا اور تائیوان سے آنے والے نوجوانوں اور پہلی بار آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔


