بیجنگ(شِنہوا)چینی اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) کی ایک تحقیقی ٹیم نے ایک عوامی سائنسی تقریب کے دوران ان چار چوہوں کے نام ظاہر کئے جو حالیہ مشن کے دوران چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجے گئے تھے۔
ان چوہوں کے نام وانگ تیان، لان یوئے، ژوئی یون اور ژو مینگ رکھے گئے ہیں، جن کے معانی بالترتیب "آسمان کی طرف دیکھنا”، "چاند تک پہنچنا”، "بادلوں کا پیچھا کرنا” اور "خواب کی پیروی کرنا” ہیں۔ اس موقع پر چوہوں کی کارٹون تصاویر بھی جاری کی گئیں جو شِنہوا نیوز ایجنسی کے تعاون سے تیار کی گئی ہیں۔
31 اکتوبر کو ان چار چوہوں، جنہیں 6، 98، 154 اور 186 کے نمبر دیئے گئے تھے ،کو 48 امیدواروں میں سے منتخب کر کے شین ژو-21 انسان بردار خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں ان کے عارضی مسکن تک پہنچایا گیا تھا۔ مشن کے دوران شِنہوا نے عوام کو دعوت دی تھی کہ وہ چوہوں کے لئے نام تجویز کریں جبکہ حتمی انتخاب آن لائن مقبول تجاویز کی بنیاد پر کیا گیا۔
یہ چوہے 14 نومبر کو شین ژو-20 کے عملے کے ہمراہ بحفاظت زمین پر واپس آ گئے تھے۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف زوالوجی (آئی او زیڈ) کے ماہر لی تیاندا نے کہا کہ ہم نے چوہوں کی واپسی کے بعد ان پر متعدد تحقیقی مطالعات کا آغاز کر دیا ہے۔ ان مطالعات کا مقصد یہ جاننا ہے کہ خلائی ماحول ممالیہ جانوروں کی جسمانی ساخت اور رویوں کو خصوصاً دباؤ کے ردعمل اور موافقت کے حوالے سے کس طرح متاثر کرتا ہے۔
فلائنگ مائس کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ عوامی سائنسی نمائش چین کے نیشنل زوالوجیکل میوزیم میں ایک ماہ تک جاری رہے گی، جہاں عوام چین کے بڑے خلائی پروگراموں کے تحت کئے جانے والے جدید حیاتیاتی تجربات کو قریب سے دیکھ سکیں گے۔
یہ تقریب چینی اکیڈمی آف سائنسز کے تحت ٹیکنالوجی اینڈ انجینئرنگ سنٹر فار سپیس یوٹیلائزیشن اور انسٹی ٹیوٹ آف زوالوجی کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہے۔


