جنان(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر جنان میں ’کارسٹ‘ چشموں کے علاقے سے گزرنے والی چین کی پہلی سب وے لائن باقاعدہ طور پر فعال ہو گئی، جو شہری ٹرانسپورٹ کی ضروریات کو قدرتی آبی وسائل کے تحفظ کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ایک اہم انجینئرنگ کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
سب وے لائن 4 جنان کی مصروف ترین ٹرانسپورٹ گزرگاہوں میں سے ایک کے نیچے سے گزرتی ہے، جس کے باعث سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہوا ہے اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہو گیا ہے۔
جنان کو قدرتی دباؤ سے پھوٹنے والے اس کے تقریباً ایک ہزار قدرتی چشموں کی وجہ سے "چشموں کا شہر” کہا جاتا ہے۔ تاہم اس کی چونا پتھر پر مبنی ارضیاتی ساخت اسے زیر زمین تعمیرات کے لئے نہایت حساس اور نازک ماحول بھی بناتی ہے۔
پیچیدہ ارضیاتی حالات سے نمٹنے کی خاطر سروے ٹیموں نے چشموں کے لئے حساس علاقوں کی نشاندہی کی، آبی ذخائر سے بچنے کے لئے روٹ میں تبدیلی کی، سرنگوں کی گہرائی میں اضافہ کیا اور آبی نظام پر پڑنے والے اثرات کو کم سے کم رکھا۔
جنان ریل ٹرانزٹ گروپ کمپنی لمیٹڈ کے چشموں کے تحفظ کے سینئر انجینئر ہوانگ یونگ لیانگ نے کہا کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ چشموں کے تحفظ کے ہمارے اقدامات اور جدید انجینئرنگ طریقے سائنسی طور پر موثر ہیں۔


