اتوار, دسمبر 28, 2025
ہومپاکستانچین اور پاکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری تعاون ...

چین اور پاکستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری تعاون کو کاروباری اداروں کی بھرپور پذیرائی حاصل

نان ننگ(شِنہوا)گوانگ ژو میں پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد نے چین کے گوانگ شی کے شہر نان ننگ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اعلان کیا کہ اگلے سال کے آغاز میں اسلام آباد میں ایک بڑی زرعی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد ہو گی۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہو گی جس میں زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، لائیو سٹاک اور پولٹری جیسے ذیلی شعبوں میں کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط قائم کئے جائیں گے۔ اس اعلان پر چینی کمپنیوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور موقع پر ہی رجسٹریشن شروع کر دی۔

چین اور پاکستان اچھے ہمسائے اور اچھے شراکت دار ہیں جو ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ 2018 میں دونوں ممالک نے سدا بہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کو مضبوط کرنے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریب تر چین-پاکستان کمیونٹی کی تعمیر پر اتفاق کیا۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی میں دونوں فریقین نے مضبوط پیش رفت کی ہے اور چین پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کاری ذریعہ بن گیا ہے۔

گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون اور تبادلے کے موضوع پر کانفرنس کا منظر-(شِنہوا)

چین کا جنوب مغربی گوانگ شی ژوانگ خودمختار علاقہ آسیان کے ساتھ چین کے تبادلے اور تعاون میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے اور نئی مغربی زمینی-سمندری راہداری کا مرکز ہے۔ حالیہ برسوں میں گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان اقتصادی، تجارتی، زرعی، سائنسی و تکنیکی شعبوں میں تعاون مسلسل گہرا ہوتا رہا ہے۔ اس سال جنوری سے اکتوبر تک گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان درآمدات و برآمدات کا مجموعی حجم 1.168 ارب یوآن تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19.9 فیصد زیادہ ہے۔ بنیادی تجارتی زمروں میں زرعی مصنوعات، معدنیات، تعمیراتی مشینری اور اس کے پرزے شامل ہیں۔ درآمدات کا حجم تقریباً 41 کروڑ یوآن رہا، جو گزشتہ سال کی نسبت 44.4 فیصد زیادہ ہے۔

مضبوط دوطرفہ تعلقات نے تجارتی نمو اور صنعتی انضمام میں نمایاں اثر ڈالا ہے۔ سردار محمد نے کہا کہ درآمدات و برآمدات کی مضبوط نمو کا سبب دونوں طرف کے کلیدی ترقیاتی شعبوں میں خصوصی تعاون ہے۔ پاکستان کی گوانگ شی کو برآمدات میں 71.33 فیصد اضافہ ہوا جس میں معدنیات اور ڈیری مصنوعات شامل ہیں جو گوانگ شی کے پروسیسنگ اور صارف مارکیٹ میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان زرعی، معدنیات، نئی توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں۔

گوانگ شی میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لئے چینی کونسل کی صدر یانگ یان یان نے کہا کہ گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان تعاون گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان تعاون کی ایک روشن مثال ہے۔ گوانگ شی یوچھائی گروپ کے ڈیزل انجن اور زرعی مشینری پاکستان میں بڑے پیمانے پر فروخت ہو رہی ہے جو وہاں کی مقامی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

رائل گروپ کمپنی لمیٹڈ کی ایک نمائندہ بھینس کے دودھ کا منصوبہ متعارف کرا رہا ہے-(شِنہوا)

اسی طرح گوانگ شی ہوانگ شی ڈیری کمپنی کے تعاون سے شروع کئے گئے ’’واٹر بفیلو انٹروڈکشن پراجیکٹ‘‘ نے پاکستان کی زرعی ویلیو چین کو بہتر بنانے اور اسے جدید بنانے میں مدد دی ہے۔چین اور پاکستان کے درمیان وبا سے پاک چراگاہ اور مویشیوں کی افزائش کا رائل سیل کا منصوبہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری کے فریم ورک کے تحت پہلے زرعی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ حالیہ برسوں میں رائل گروپ کمپنی لمیٹڈ نے جانوروں کو بیماریوں سے پاک رکھنے والے زون کی تعمیر اور خطرات کی تشخیص کے چینی معیارات پاکستان میں متعارف کرائے ہیں۔ اس گروپ نے یہاں بھینسوں کی بیماریوں سے پاک افزائش اور جنین کی پیداوار کا اعلیٰ معیار کا مرکز قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ دودھ دینے والی مویشیوں کی افزائش کی موثر ٹیکنالوجی کی تحقیق و ترقی اور پیشہ ورانہ ماہرین کی مشترکہ تربیت جیسے شعبوں میں بھی ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے۔ رائل گروپ کا یہ منصوبہ صنعت اور تجارت کے امتزاج کے ذریعے ایک مضبوط شراکت داری قائم کرنے کی دونوں ممالک کی کوششوں کی ایک بہترین مثال ہے۔

رائل گروپ کمپنی لمیٹڈ کی نمائندہ ٹینگ تسوئی جن نے کہا کہ مستقبل میں ہم پاکستان کے ساتھ تعاون، خاص طور پر ڈیری مصنوعات کی ڈیپ پروسیسنگ جیسے اعلیٰ قدر والے شعبوں میں باہمی رابطے کو مضبوط بنا کر تعاون کی وسعت کو مزید بڑھانے کی امید رکھتے ہیں ۔ ہمارا مقصد چین اور پاکستان میں دودھ دینے والی بھینسوں کی پوری انڈسٹریل چین کو مشترکہ طور پر جدید بنانا اور اس کی قدر میں اضافہ کرنا ہے۔

پاکستان کا ایک نمائندہ ویڈیو کے ذریعے اپنے ملک میں ڈیری فارمز کی صورتحال بتا رہا ہے-(شِنہوا)

22 دسمبر کو منعقد ہونے والی گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے تبادلے کی کانفرنس میں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن، ایچ آر ایل کمپنی اور دیگر تنظیموں کے نمائندے گوانگ شی کی کمپنیوں سے ملے اور تعاون کے مواقع تلاش کئے۔ سردار محمد نے کہا کہ گوانگ شی زرعی، الیکٹرک گاڑیوں اور قابل تجدید توانائی جیسے کئی شعبوں میں نمایاں فوائد رکھتا ہے جو پاکستان کی چین کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون کی کلیدی سمتوں کے مطابق ہیں۔

پاکستان میں اقتصادی و تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع نے بہت سی چینی کمپنیوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ گوانگ ژو میں پاکستانی قونصل خانے کے کمرشل قونصلر محمد عمران نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول پر ایک خصوصی پریزنٹیشن دی۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کے فائدے کے لئے متعارف کرائی گئی پالیسیوں کے سلسلے نے چینی اداروں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

حالیہ برسوں میں گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان معاشی و تجارتی تبادلوں اور تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لئے گوانگ شی کونسل اور گوانگ ژو میں پاکستانی قونصل خانے نے معاشی و تجارتی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد کیا تھا۔ صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ نئی شراکت داری سے گوانگ شی اور پاکستان کے درمیان تعاون اور تبادلوں کو مزید فروغ ملے گا اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت دونوں فریقین کی مشترکہ ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!