بیجنگ(شِنہوا)دنیا کا سب سے بڑا تیز رفتار ریل نیٹ ورک رکھنے والے ملک چین نے نئی تیز رفتار ریلوے لائن کے آغاز کے ساتھ ہی فعال ریل نیٹ ورک کی مجموعی لمبائی 50 ہزار کلومیٹر سے بڑھا دی ہے۔
جمعہ کی صبح "فوشنگ” بلٹ ٹرین چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے ایک مقدس انقلابی شہر یان آن سے صوبائی دارالحکومت شی آن کے لئے روانہ ہوئی جس سے اس نئے روٹ کا افتتاح ہوا۔
شی آن-یان آن تیز رفتار ریلوے 350 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوکر تقریباً ایک گھنٹہ ہو جائے گا۔
چین کی تیز رفتار ریل کا سفر 2008 میں بیجنگ-تیانجن انٹر سٹی ریلوے کے آغاز سے شروع ہوا۔ تب سے اس کا نیٹ ورک شاندار ترقی کا مظاہرہ کر چکا ہے اور فعال فاصلہ دنیا کے تمام دیگر ممالک کے مجموعے سے تجاوز کر گیا ہے۔ چین دنیا کی سب سے تیز رفتار تجارتی ہائی سپیڈ ریل سروسز بھی چلاتا ہے۔
چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے اعداد و شمار کے مطابق 14 ویں پانچ سالہ منصوبے (2021-2025) کی مدت کے دوران چین نے 12 ہزار کلومیٹر تیز رفتار ریلوے لائنیں تعمیر کیں اور انہیں فعال کیا۔
آج تیز رفتار ریل کی سروسز چین کے ان 97 فیصد شہروں میں دستیاب ہیں جہاں آبادی 5 لاکھ سے زیادہ ہے۔


