پیر, دسمبر 22, 2025
ہومتازہ ترینیورپی یونین نے اختلافات کے باوجود یوکرین کے لئے 90 ارب یورو...

یورپی یونین نے اختلافات کے باوجود یوکرین کے لئے 90 ارب یورو قرض کی منظوری دے دی

برسلز(شِنہوا)طویل مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں نے اگلے دو برسوں میں یوکرین کی فوجی اور اقتصادی ضروریات میں مدد کے لئے 90 ارب یورو (105.4 ارب امریکی ڈالر) کے قرض پیکج کی منظوری دے دی جبکہ روس کے منجمد اثاثوں سے فائدہ اٹھانے کے منصوبے کو ترک کر دیا گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ وقتی طور پر یوکرین کو سہارا دیتا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ یورپی یونین کی حمایت مکمل یکجہتی کے بجائے اس بنیاد پر قائم ہے کہ کچھ ممالک بعض فیصلوں میں شامل نہیں ہوتے۔ چونکہ یوکرین کو اس رقم سے کہیں زیادہ رقم درکار ہے، اس لئے یورپی یونین قانونی حدود پار کئے بغیر مستقل مالی مدد کا راستہ تلاش کرنے کی نازک کوشش کر رہی ہے۔

یورپی کونسل کے بیان کے مطابق یہ قرض سرمایہ منڈیوں سے یورپی یونین کی جانب سے قرض لے کر فراہم کیا جائے گا اور اس کی ضمانت یورپی یونین کے بجٹ میں موجود ‘ہیڈ روم’ سے دی جائے گی، یعنی بجٹ کی وہ غیر استعمال شدہ گنجائش جسے قرض کے لئے ضمانت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یورپی یونین کے ایک سینئر اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ اختیار کیا گیا طریقہ ایک اہم نکتے میں مجوزہ ‘ریپیریشنز لون’ سے مختلف ہے۔ ریپیریشنز لون کے تحت یورپی یونین یوکرین کی مدد کے لئے نظام میں پہلے سے موجود رقوم استعمال کرتی جبکہ طے شدہ حل کے مطابق اب سرمایہ منڈیوں سے قرض لیا جائے گا۔ اس میں سود کی لاگت شامل ہے تاہم اہلکار کے مطابق یورپی یونین کا بجٹ یہ سود ادا کرے گا، لہٰذا یوکرین کو اس کی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی۔

چونکہ یورپی یونین کی سطح پر مشترکہ قرض اکثر اتفاق رائے پر منحصر ہوتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قرض کے لئے دی جانے والی کسی بھی یورپی یونین کی بجٹ کی ضمانت سے چیک ریپبلک، ہنگری اور سلوواکیہ کی مالی ذمہ داریوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ ایک استثنائی انتظام ہے تاکہ ان ممالک کی منظوری حاصل کی جا سکے اور معاہدہ برقرار رہے۔ عملی طور پر اس مسئلے پر 27 رکن ممالک کا اتحاد زیادہ تر ’24 ممالک کی اتحادی جماعت’ کی طرح کام کر رہا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے یورپی یونین کے رہنماؤں کو خبردار کیا ہے کہ اگر مالی معاونت کا فیصلہ جلد نہ ہوا تو یوکرین چند مہینوں میں پیسوں کی کمی کا سامنا کر سکتا ہے اور اس صورت میں جنگ جاری رکھنے کی اس کی صلاحیت تیزی سے متاثر ہو جائے گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!