واشنگٹن(شِنہوا)امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ دو امریکی ایف-18 لڑاکا طیارے گزشتہ روز وینزویلا کی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور تقریباً 40 منٹ تک چکر لگاتے رہے۔
ریاست فلوریڈا سے شائع ہونے والے اخبار میامی ہیرالڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق یہ طیارے مارا کائیبو جھیل کے شمالی حصے میں خلیج وینزویلا کی حدود کے اوپر ریاست زولیا کے شہر لا گوا جیرا اور فالکن ریاست کے دارالحکومت کورو کے درمیان پرواز کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔ زولیا اور فالکن وینزویلا کے توانائی کے شعبے کے حوالے سے اہم خطے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے ہزاروں باشندوں نے مخصوص ٹریکنگ ویب سائٹس کے ذریعے ان طیاروں کو تلاش کیا اور یہ منظر دیکھا کہ لڑاکا طیارے خلیج کے اوپر بو-ٹائی نما انداز میں پرواز کر رہے تھے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ طیارے 25 ہزار فٹ (تقریباً 7 ہزار 620 میٹر) کی بلندی پر پرواز کرتے رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جھیل ماراکائیبو جو 5 ہزار مربع میل (تقریباً 12 ہزار 950 مربع کلومیٹر) پر پھیلی ہوئی ہے، امریکہ کے سب سے بڑے آبی ذخائر میں سے ایک ہے اور تقریباً 150 ارب بیرل خام تیل کے ذخائر کا مرکز ہے۔
یہ پرواز ماراکائیبو کے شمال مشرق میں 100 میل (تقریباً 161 کلومیٹر) سے بھی کم فاصلے پر ہوئی، جو وینزویلا کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے اور رافیل اُردانیتا ایئر بیس کا مسکن ہے، جو مغربی وینزویلا کے اہم فوجی فضائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔


