کولمبو(شِنہوا)چینی حکومت کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لئے ہنگامی امداد کولمبو پہنچ گئی جسے سری لنکا کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
امدادی سامان حوالے کرنے کی تقریب میں سری لنکا میں چین کے سفیر چھی ژین ہونگ، سری لنکا کے وزیر برائے بندرگاہیں و شہری ہوا بازی انورا کروناتھلکے اور نائب وزیر دفاع ارونا جےسیکرا نے شرکت کی۔
کروناتھلکے نے چین کی طرف سے بروقت اور فراخ دلانہ امداد پر دلی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس امدادی سامان کی سری لنکا کو ہنگامی طور پر ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقتوں میں سری لنکا کی مدد کی ہے۔ موجودہ آفت کے دوران چینی حکومت، چینی اداروں اور سری لنکا میں مقیم چینی شہریوں نے نمایاں تعاون فراہم کیا ہے۔
انہوں نے بے لوث مدد پر چینی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سری لنکا اور چین کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔
چینی سفیرچھی ژین ہونگ نے کہا کہ اس سنگین قدرتی آفت کے پیش نظر چین کے تمام متعلقہ محکموں نے فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے سری لنکن دوستوں کی مدد کی۔ امدادی سامان میں خیمے، بستر کی چادریں، لائف جیکٹس اور کمبل شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سری لنکا میں چینی کمپنیاں اور مقامی چینی برادری بھی فعال انداز میں بچاؤ اور امداد کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی ہر پہلو سے حمایت ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ چین سری لنکا کا قابل اعتماد اور سچا دوست ہے۔
سری لنکا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے مرکز کے مطابق ملک حال ہی میں سمندری طوفان دتوا کے سبب شدید موسم سے بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے نتیجے میں 600 سے زائد افراد ہلاک اور 20 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4 ہزار سے زائد گھر مکمل تباہ اور 60 ہزار سے زیادہ گھروں کو جزوی نقصان پہنچاہے۔


