بیجنگ(شِنہوا)چائنہ نیشنل میوزیم آف ویمن اینڈ چلڈرن نے چین میں پاکستان کے سفارتخانے کے تعاون سے گزشتہ ہفتے بچوں کے دوستانہ تبادلے کا ایک پرجوش پروگرام منعقد کیا۔
بیجنگ کے شی جیا ایکسپیریمنٹل سکول اور پاکستانی ایمبیسی کالج بیجنگ سے تقریباً 100 طلبہ ایک دن کے لئے باہمی ثقافتی تعلقات اور مل کر سیکھنے کے لئے جمع ہوئے۔
چائنہ نیشنل میوزیم آف ویمن اینڈ چلڈرن کی ڈائریکٹر لیو ہوا بن نے اپنی افتتاحی تقریر میں اس پروگرام کے مقصد پر زور دیا کہ بچوں کو چین میں خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود میں ہونے والی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیشرفت کے بارے میں بہتر سمجھ بوجھ فراہم کی جائے۔
پروگرام میں شریک بچوں نے میل جول کی متعدد سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن میں ثقافتی ورثے کو جدید اختراعات کے ساتھ ملا کر تجربہ کیا گیا۔
سب سے دلچسپ حصہ ڈیجیٹل انٹیلی جنس ایگزیبیشن ہال تھا جہاں طلبہ نے آنکھوں سے دیکھے جانے والے تھری ڈی انیمیشنز سے لطف اٹھایا۔

پروگرام میں سرامک پینٹنگ کے دوران چینی اور پاکستانی طلبہ تخلیقی خیالات کا تبادلہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)
دستکاری کی ورکشاپس نے اس تجربے کو مزید بھرپور بنایا۔ ماہر انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں بچوں نے مٹی کے روایتی برتن بنانے اور شکل دینے کی مشق کی۔ سرامک پینٹنگ سیشن کے دوران چینی اور پاکستانی طلبہ نے تخلیقی خیالات کا تبادلہ کیا اور اپنی روزمرہ زندگی کی جھلکیوں کا تبادلہ کیا، جس سے ذاتی تعلقات فروغ پائے۔
شی جیا ایکسپیریمنٹل سکول کے ایک طالب علم نے اس دن کو ایک مبارکبادی کارڈ پر یوں بیان کیا "دوستی ایک سنہری دھاگہ ہے جو دنیا بھر کے دلوں کو جوڑتا ہے۔” تقریب کا اختتام دلی الوداع کہنے کے ساتھ ہوا جب نئے دوست گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے رخصت ہوئے۔

پروگرام میں شریک چینی اور پاکستانی طلبہ کا فوٹو-(شِنہوا)
پاکستانی ایمبیسی کالج بیجنگ کی پرنسپل شازیہ امجد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان فولاد جیسی مضبوط دوستی قائم ہے اور مجھے اس پر فخر ہے۔ جیسے جیسے چین تیزی سے ترقی کر رہا ہے، ہم باہمی سیکھنے اور مشترکہ ترقی کے لئے پرامید ہیں۔
یہ پروگرام میوزیم اور سکولوں کے درمیان ایک تعلیمی تعاون سے بڑھ کر ثقافتی مکالمے اور جذباتی تعلقات کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا۔ اس نے پاکستانی بچوں کو چینی روایت کی مضبوطی اور جدید ٹیکنالوجی سے براہ راست روشناس کروایا جبکہ چینی بچوں کو اپنے پڑوسی دوست ملک کے ہم عمر طلبہ کے بارے میں قریب سے جاننے کا موقع فراہم کیا۔
نوجوانوں کے درمیان مشترکہ تجربات پیدا کر کے اس سرگرمی نے چین اور پاکستان کے درمیان ہر موسم کے لئے تزویراتی تعاون پر مبنی مستحکم شراکت داری کی بنیاد رکھنے والے عوامی تعلقات کو مضبوط کیا اور اس دیرپا دوستی میں نئی توانائی اور مستقبل کے لئے امید بھری۔


