پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے انداز قیادت نے رنگ دکھانا شروع کردیا اور انہوں نے بہترین قیادت سے ذمہ داروں کو اپنا گرویدہ بناتے ہوئے انکا دل جیت لیا ہے جس کے بعد یہ امکان روشن ہوگیاہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک انکو کپتان برقرار رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق حکام کو ٹیم کی فائٹنگ سپرٹ نے سب سے زیادہ متاثر کیا، حکام کو لگتا ہے کہ پلیئرز یکجا ہو کر کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ماضی میں ایسا نہیں تھا۔
دوسری جانب دورہ سری لنکا کیلئے سکواڈ میں شاداب خان کی واپسی کابھی امکان ہے اس وقت وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور پریکٹس کر رہے ہیں اور بگ بیش لیگ میں انکی میچ فٹنس جانچی جائیگی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فروری اور مارچ 2026 میں کھیلا جائیگا جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کرینگے۔پاکستان کی قیادت ان دنوں سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔
بعض حلقوں کا خیال تھا کہ شاداب خان کی بطور کپتان واپسی ہو سکتی ہے، شاہین شاہ آفریدی کو بھی ذمہ داری دئیے جانے کی باتیں ہو رہی تھیں، تاہم اس حوالے سے پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ سلمان علی آغا کے ہی میگا ایونٹ میں کپتان برقرار رہنے کا امکان ہے، ایک اور عہدیدار نے بھی یہی کہا کہ سلمان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ٹیم کو وننگ ٹریک پر گامزن کر دیا ہے، انکے دور میں فائٹنگ سپرٹ لوٹ آئی، پلیئرز یکجا ہو کر ٹیم کی فتح کیلئے جان لڑاتے نظر آتے ہیں اسلئے کسی تبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں۔


