جمعرات, دسمبر 4, 2025
ہومانٹرنیشنلجنرل اسمبلی، مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی قرارداد...

جنرل اسمبلی، مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی قرارداد منظور

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔

قرارداد کی منظوری ایک تاریخی اقدام ہے جس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قرارداد میں مشرقِ وسطی امن عمل کے تمام اہم معاملات پر قابلِ اعتماد مذاکرات فوری طور پر شروع کرنے اور ماسکو میں ایک بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کرے، غیر قانونی قبضہ ختم کرے، نئی آبادکاری روکے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے تمام یہودی آبادکاروں کو نکالے۔

فلسطین کے سوال کے پرامن حل کے عنوان سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 151 ممالک نے ووٹ دیا، 11 نے مخالفت کی جبکہ 11 ممالک ووٹنگ سے غیر حاضر رہے، قرارداد میں واضح کیا گیا کہ غزہ میں کسی بھی قسم کی آبادیاتی یا جغرافیائی تبدیلی کو مسترد کیا جاتا ہے اور غزہ و مغربی کنارے کو فلسطینی اتھارٹی کے تحت متحد کیا جانا چاہئے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کو 1967 سے قبضے میں لئے گئے تمام فلسطینی علاقوں سے انخلا کرنا ہوگا تاکہ فلسطینی عوام اپنے بنیادی حق یعنی حق خود ارادیت کا استعمال کر سکیں، بحث کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اسامہ افتخار احمد نے کہا کہ دنیا کو اپنے وعدوں کو عمل میں تبدیل کرنا ہوگا، پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی، خود مختاری، امن اور انصاف کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اسامہ افتخار نے زور دیا کہ غزہ میں سیزفائر کا مکمل نفاذ، اسرائیلی فوج کا انخلا، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور غزہ کی فوری تعمیر نو ناگزیر ہیں، مقبوضہ علاقوں کی کوئی جبری تبدیلی، تقسیم، الحاق یا جبری بے دخلی قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صرف ایک سیاسی راستہ ہی پائیدار امن لا سکتا ہے یعنی 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار، مکمل، آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم (القدس الشریف)ہو۔

Website |  + posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!