بیجنگ(شِنہوا) چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شین زین میں لی نامی ایک شہری نے حال ہی میں ایک پارسل وصول کیا یہ ایک اسمارٹ لرننگ ٹیبلٹ تھا جو انہوں نے چین کے معروف آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم جےڈی ڈاٹ کام سے خریدا تھا۔
آن لائن آرڈر ملنے پر لی یہ جان کر حیران رہ گئے کہ یہ پارسل اس سال چین کے وسیع ایکسپریس ڈیلیوری سسٹم کے ذریعے پہنچایا جانے والا 180 اربواں پارسل تھا۔
اسٹیٹ پوسٹ بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 30 نومبر 2025 تک چین کی ایکسپریس پارسل ڈلیوری کا حجم 180 ارب سے تجاوز کر گیا یہ ایک سنگِ میل ہے کیونکہ تاریخ میں پہلی بار سالانہ پارسل کی تعداد 180 ارب کی حد سے آگے بڑھی ہے۔ پورے 2024 میں یہ تعداد تقریباً 174 ارب تھی جبکہ 2023 میں 132 ارب پارسل ریکارڈ کیے گئے تھے۔
اب چین کا تیزی سے بڑھتا ہوا ایکسپریس ڈیلیوری مارکیٹ ماہانہ 16 ارب سے زائد پارسل سنبھال رہا ہے اور اوسطاً ہر سیکنڈ میں 6200 سے زیادہ پارسل پروسیس کیے جا رہے ہیں جو ملک کی معاشی سرگرمی کی مضبوطی اور کھپت کی بے پناہ صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
چین کی ایکسپریس ڈیلیوری مارکیٹ گزشتہ 11 سالوں سے مسلسل دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ بنی ہوئی ہے جس کی ایک بڑی وجہ مضبوط اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آن لائن کھپت ہے۔


