ایران میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنیوالے افغان شہریوں پر ایرانی سرحدی گارڈز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افغانی ہلاک ہوگئے ہیں، مرنیوالے تمام افغانی صوبہ فراہ کے رہائشی تھے جبکہ اسی گروہ کے مزید دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صوبہ فراہ کی سکیورٹی کمان کے ترجمان محمد نسیم بدری نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد روزگار کی تلاش میں ایران جا رہے تھے اور پیر کی رات شیخ ابو نصر فراحی بارڈر پوائنٹ کے راستے سرحد عبور کر رہے تھے جہاں ایرانی گارڈز نے انہیں گولی مار دی۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ایران کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیاہے، یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ایران متعدد افغان مہاجرین کو زبردستی واپس بھیج چکا ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید تنا کا شکار ہیں۔


