امریکہ کی ایک عدالت نے میڈی کیئر فراڈ میں ملوث بھارتی شہری کو 2 سال قید کی سزا سنادی۔
واشنگٹن میں ایک ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے ذریعے میڈی کیئر ڈیپارٹمنٹ سے لاکھوں ڈالر کا فراڈ تسلیم کرنیوالے بھارتی شہری کو 11 لاکھ 74 ہزار 813 ڈالر کی رقم واپس کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 35 سالہ بھارتی ملزم کو اپریل 2025 میں شیکاگو اوہیر ایئرپورٹ سے بھارت جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سزا مکمل کرنے پر بھارتی شہری کو ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عدالت میں جمع کروائے گئے اعترافِ جرم میں ملزم نے امریکن لیب ورکس ایل ایل سی نامی لیبارٹری کے ذریعے ان ٹیسٹ کا بِل بھی وصول کیا جو نہ تو ڈاکٹرز نے تجویز کیے تھے اور نہ ہی مریضوں سے اِنکے سیمپل لئے گئے تھے۔
ایل ایل سی نامی لیبارٹری 2021 میں قائم ہوئی تھی اور 2025 میں اسے بند کر دیا گیا تھا، ریاستی ریکارڈ میں بھارتی شہری ہی اس لیبارٹری کا مالک اور ڈائریکٹر درج تھا۔
دستاویزات کے مطابق لیب نے میڈی کیئر کو 87 لاکھ ڈالر سے زیادہ کے بِل بھیجے اور 11 لاکھ ڈالر سے زائد کی ادائیگیاں وصول کیں،اسی عرصے میں میڈی کیئر کو 2 سو سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جن میں مریضوں نے بتایا کہ اِن سے ان ٹیسٹس کے بل بھی وصول کئے گئے جو انہوں نے کبھی کروائے ہی نہیں، بعض شکایات میں ایسے ٹیسٹ دکھائے گئے جو مریض کی وفات کے بعد کی تاریخوں میں درج تھے۔
بیشتر ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کبھی ایسے مریضوں کو لیب کیلئے ریفر کیا ہی نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا کہ بھارتی شہری نے کمپنی کے بینک اکانٹس پر مکمل اختیار رکھا ہوا تھا اور اِن سے بھاری رقوم بھی نکلوائیں، صرف مئی 2024 میں اس نے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر نکالے اور کچھ ہی عرصے بعد ملک چھوڑ کر بھارت چلا گیا، مارچ 2025 میں وہ دوبارہ واپس امریکا پہنچا اور اپریل میں اِسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔


