بیجنگ(شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
یہ میکرون کا چین کا چوتھا سرکاری دورہ ہے جو گزشتہ سال چین اور فرانس کے سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر شی کے تاریخی دورہ فرانس کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔
اس دورے کے موقع پر شی اور میکرون نئے حالات میں چین۔فرانس تعلقات کی ترقی کی مشترکہ رہنمائی کے لئے بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما اہم بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین فرانس کے ساتھ مل کر اس دورے کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ چین۔فرانس سفارتی تعلقات کے قیام کی روح کو آگے بڑھایا جا سکے، تزویراتی رابطے کو مضبوط کیا جائے، عملی تعاون کو گہرا کیا جائے اور کثیرجہتی امور میں بہتر ہم آہنگی کے لئے کام کیا جائے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اپنی جامع تزویراتی شراکت داری میں نئی پیش رفت کر سکتے ہیں، چین۔یورپی یونین تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں اور کثیرجہتی نظام اور ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال دنیا کے لئے زیادہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔



