واشنگٹن(شِنہوا)امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس سال کے شروع میں عائد کی گئی سفری پابندیوں کے تحت 19 ممالک کے تارکین وطن کی طرف سے گرین کارڈ (مستقل رہائش) اور شہریت کے لئے دائر کی گئی درخواستوں پر کارروائی کا عمل روک دیاہے۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) کی داخلی ہدایات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایجنسی نے پیر کے روز اپنے ملازمین کو یہ ہدایت کی کہ وہ جون میں جاری کئے گئے صدارتی اعلامیے، جسے ٹریول بین کے نام سے جانا جاتا ہے، کے تحت پابندیوں کا سامنا کرنے والے 19 ممالک کے افراد سے متعلق تمام کیسز کے ’’حتمی فیصلے روک دیں‘‘۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان ہدایات سے ظاہر ہو تا ہے کہ معطلی کا یہ عمل’’ایک عبوری اقدام‘‘ ہے جبکہ انتظامیہ متاثرہ تارکین وطن کی جانچ پڑتال سے متعلق مزید ہدایات تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ان ممالک کی فہرست میں بعض غریب ترین اور انتہائی غیر مستحکم ممالک شامل ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا ہے کہ امریکہ تیسری دنیا کے تمام ممالک سے امیگریشن کو مستقل طور پر روک دے گا اور امریکی محکمہ خارجہ نے افغان شہریوں کو ویزوں کا اجرا روکنے کا اعلان کیا ہے۔



