جماعت اسلامی نے حکومت سے خصوصی افراد کے حقوق کی فراہمی ہر سطح پر یقینی بنانے، معذور خاندانوں کے بچوں بچیوں کیلئے شادی گرانٹ مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔
عالمی یومِ معذوراں پر جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عالمی اداروں کے مطابق پاکستان میں تقریبا 2کروڑ افراد کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں، ان کیلئے خصوصی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کیلئے ہر ڈویژن میں خصوصی تعلیمی ادارے اور ہسپتال قائم کئے جائیں تاکہ وہ بہتر سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں جبکہ ملازمتوں میں معذور افراد کیلئے مختص کوٹے پر مکمل اور شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوںنے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ خصوصی افراد کو مفت سفری سہولتیں فراہم ،چھوٹے کاروبار کے آغاز کیلئے بلا سود قرضے دیئے جائیں۔
انہوں نے معذور خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کیلئے شادی گرانٹ مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔


