صدر مملکت آصف زرداری نے تعلیم، کاروبار، سرکاری خدمات و قومی ترقی میں خصوصی افراد کی شرکت کو پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری، سرکاری و نجی ادارے، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت دار خصوصی افراد کا خیال، شناخت کا احترام کریں، سب کیلئے قابل رسائی ماحول، مناسب انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کی موجودگی سے ہی منصفانہ معاشرے کا قیام ممکن ہے۔
خصوصی افراد کے عالم دن پر جاری بیان میں صدر زرداری نے کہاکہ حکومت خصوصی افراد کے حقوق ،وقار کے تحفظ اور قومی زندگی میں ان کی مکمل شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، وفاقی و صوبائی اداروں کے ذریعے خصوصی افراد کیلئے رسائی، تعلیم، صحت، نقل و حرکت اور روزگار کے مواقع بہتر بنانے کیلئے مسلسل اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو، معذوری کے سرٹیفکیٹس کا اجرا، سماجی تحفظ کی سکیموں تک آسان رسائی اور بحالی و کمیونٹی کی سطح پر معاونت کے نظام کو مضبوط بنانا اس بات کی علامت ہے کہ ہم ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر فرد اپنی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ منصفانہ معاشرہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم سب کیلئے قابل رسائی ماحول، مناسب انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات موجود ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم ان جسمانی، سماجی اور رویوں پر مبنی رکاوٹوں کو دور کریں جو خصوصی افراد کی بااختیار اور باعزت زندگی کی راہ میں حائل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں شہریوں، سرکاری و نجی اداروں، سول سوسائٹی اور عالمی شراکت داروں سے کہنا چاہوں گا کہ خصوصی افراد کا خیال رکھیں اور ان کی شناخت کا احترام کریں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، کاروبار، سرکاری خدمات اور قومی ترقی میں ان کی شرکت پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آئیے مل کر ایسے پاکستان کیلئے کام کریں جہاں کوئی پیچھے نہ رہے اور جہاں خصوصی افراد کو اجتماعی قوت اور استقامت کا حصہ سمجھا جائے۔
صدر نے دعاء کی کہ اللہ ہمیں ایسا پاکستان قائم کرنے کی توفیق دے جو ہر فردکیلئے قابل رسائی و شمولیت کا حامل ہو۔


