نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دنیا میں بڑھتے تنازعات کو عالمی امن کیلئے خطرہ، مشترکہ خوشحالی کیلئے علاقائی روابط کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات و سفارتکاری کا حامی ہے۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی معاشی منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے، جنوبی ایشیا کو غربت، ناخواندگی، ناگہانی آفات سمیت دیگر چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت کے چیلنجز سنگین ہوتے جا رہے ہیں، درجہ حرارت میں اضافے اور سیلابوں کے معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کا منظر نامہ بھی بہت پیچیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں بڑھتے تنازعات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں،مئی میں پاک بھارت جنگ بھی خطرناک ثابت ہوسکتی تھی، بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا، دیرینہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اورسفارتکاری کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ خوشحالی کے لئے علاقائی روابط اہم ہیں، جنوبی ایشیا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ ہے، جنوبی ایشیائی ممالک کو اپنے مسائل کے حل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔


