ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے(ایچ کے ایس اے آر) حکومت کے سیکرٹری برائے سکیورٹی کرس تانگ پھنگ-کیونگ نے قومی سلامتی کے تحفظ کے آرڈیننس (ایس این ایس او) (آرڈیننس نمبر 6، 2024) کی دفعہ 60(1) کے تحت دئیے گئے اختیارات استعمال کرتے ہوئے، گزٹ میں شائع کردہ حکم نامے کے ذریعے ’ہانگ کانگ پارلیمنٹ‘ اور ’ہانگ کانگ ڈیموکریٹک انڈیپنڈنس یونین‘ کی ایچ کے ایس اے آر میں سرگرمیوں یا ان کے کام جاری رکھنے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ایک ترجمان نے بتایاکہ سیکرٹری برائے سکیورٹی نے ایچ کے ایس اے آر میں،ہانگ کانگ پارلیمنٹ اور ،ہانگ کانگ ڈیموکریٹک انڈیپنڈنس یونین‘کی سرگرمیوں اور ان کے کام جاری رکھنے پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے،دونوں تنظیموں کو فوری طور پر کالعدم تنظیمیں قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص جو ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جن کا ایس این ایس او کی شق 62 سے 65 تک میں ذکر کیا گیا ہے جرم کا مرتکب ہو گا، ان کالعدم تنظیموں کے عہدیدار کے طور پر کام کرنے،یا ان کا رکن بننے،کالعدم تنظیموں کا عہدیدار ہونے کا دعوی یا اقرار کرنے،کالعدم تنظیموں کی طرف سے کو ئی بھی سرگرمی کرنے،کالعدم تنظیموں کے کسی بھی اجلاس میں شرکت کرنے،کسی دوسرے شخص کو ان کالعدم تنظیموں کا رکن بننے کی ترغیب دینے،کالعدم تنظیموں کو کسی بھی قسم کی امداد دینے یااس کے لئے کوئی چندہ یا امداد حاصل کرنے والے کسی بھی شخص کو مجرم قرار دئیے جانے کے بعد 10 لاکھ ہانگ کانگ ڈالر اور 14 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنا بہت سنگین جرم ہے۔ان اقدامات اور سرگرمیوں کے سنگین نتائج ہوں گے۔پولیس متعلقہ مجرمانہ اقدامات کے خلاف سختی سے قانون کا نفاذ کرے گی اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی نہ کریں،ممنوعہ تنظیموں کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہ لیں اور خود کو ممنوعہ تنظیموں سے الگ رکھ کر ان سے کسی بھی قسم کا تعلق نہ رکھیں۔


