بدھ, دسمبر 3, 2025
ہومتازہ ترینچین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ سے بوداپست کے لئے نئی...

چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ سے بوداپست کے لئے نئی مال گاڑی سروس کا آغاز

ہنگری کے دارالحکومت بوداپست کے لئے مال گاڑی اتوار کے روز چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ سے روانہ ہو گئی جو چین اور یورپ کے درمیان مال بردار ٹرین سروس کے نئے مقررہ شیڈول کے آغاز کی علامت ہے۔ اس سروس کو چین ریلوے ایکسپریس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

یہ ٹرین آٹوموٹیو اور موٹر سائیکل کے پرزے، الیکٹرانک مصنوعات اور صارفین کا دیگر سامان لے کر جا رہی ہے۔ توقع ہے کہ ٹرین 11 دن میں وسطی اور مشرقی یورپ کے نقل و حمل کے اہم مرکز بوداپست پہنچ جائے گی۔

ٹرین شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے کے الاتاو پاس کے راستے چین کی حدود سے نکلے گی اور قازقستان، پولینڈ، چیک ریپبلک اور سلوواکیہ سے گزرتے ہوئے ہنگری پہنچے گی۔

یہ چھونگ چھنگ سے چین یورپ مال بردار ٹرین سروس کا دوسرا مقررہ شیڈول ہے۔ پہلے شیڈول کے تحت یہ مال گاڑی چھونگ چھنگ سے جرمنی کے شہر ڈوئسبرگ تک جاتی ہے۔

روایتی مال بردار ٹرینوں کے مقابلے میں مقررہ شیڈول والی ٹرینیں پہلے سے طے شدہ اوقات اور راستوں پر چلتی ہیں جن سے ان کی کارکردگی اور بھروسے میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ چائنہ ریلوے چھنگدو گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق چھونگ چھنگ سے بوداپست تک یہ رُوٹ سفری دورانیے کو تقریباً 30 فیصد کم کرے گا۔

چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین یورپ مال بردار ٹرینوں نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار سفر مکمل کئے ہیں اور ان کے ذریعے 490 ارب امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی اشیا پہنچائی گئی ہیں۔

بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے اور ایک نمایاں برانڈ کے طور پر چائنہ ریلوے ایکسپریس نے یوریشیا بھر میں ایک جامع لاجسٹک نیٹ ورک قائم کر لیا ہے۔ یہ نیٹ ورک اب 26 یورپی ممالک کے 232 شہروں اور 11 ایشیائی ممالک کے 100 سے زائد شہروں تک پھیل چکا ہے۔

چھونگ چھنگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹیکسٹ آن سکرین:

چین کے شہر چھونگ چھنگ سے بوداپست کے لئے نئی مال گاڑی روانہ ہو گئی

یہ مال گاڑی چین سے آٹوموٹیو اور الیکٹرانک مصنوعات یورپ لے کر جا رہی ہے

مال گاڑی شمال مغربی سنکیانگ کے الاتاو پاس سے باہر نکلے گی

راستے میں یہ قازقستان، پولینڈ، چیک ریپبلک اور سلوواکیہ سے گزرے گی

توقع ہے مال گاڑی 11 دن میں بوداپست پہنچ جائے گی

یہ چھونگ چھنگ سے یورپ کے لئے دوسرا مقررہ شیڈول والا رُوٹ ہے

مقررہ شیڈول ٹرینوں سے ترسیل کا عمل زیادہ تیز اور قابل بھروسہ ہوتا ہے

چائنہ ریلوے کے مطابق یہ رُوٹ سفر کا دورانیہ تقریباً 30 فیصد کم کرے گا

چین یورپ مال بردار ٹرینوں نے اب تک 490 ارب امریکی ڈالر کا سامان پہنچایا ہے

چائنہ ریلوے ایکسپریس نے یوریشیا میں ایک جامع لاجسٹک نیٹ ورک قائم کیا

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!