ہری پور میں ہونیوالے حالیہ ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے مبینہ دھاندلی کی انکوائری کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے تحقیقات کا حکم بھی دیدیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کو دھاندلی سے متعلق ریفرنس بھی بھیج رہی ہے، پریزائیڈنگ افسران کے بیانات قلم بند کئے جا رہے ہیں اور ان سے بیان حلفی بھی لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلاس فور سے لیکر ڈسٹرکٹ کمشنر تک تمام سطح پر انکوائری کی جائیگی اور اگر کوئی ملوث پایا گیا تو سخت سزا دی جائیگی، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے ماتحت افسران ملوث نہیں ہیں تاہم شفافیت کیلئے یہ انکوائری کی جا رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ میرے خیال میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جس طرح انتخابات کا انعقاد کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔


