واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کے درمیان پہلی خوشگوار ملاقات کے بعد حالات نہیں بدلے اور میئر ظہران ممدانی اپنے سابقہ بیانات پر ڈٹے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ وہ اب بھی صدر ٹرمپ کو فاشسٹ اور آمر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ سے متعلق دئیے گئے اِن کے سخت بیانات آج بھی اِنکے موقف کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں، اختلافات کو چھپانے کے بجائے ضروری ہے کہ عوامی مفاد کیلئے ملکر کام کیا جائے، انکا مقصد سیاسی نکتہ چینی نہیں بلکہ نیویارک کے عوام کے مسائل حل کو کرنا ہے۔
ظہران ممدانی نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں نے نیویارک شہر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، رہائش کے بحران اور دیگر معاشی مسائل پر بات کی، وہ ٹرمپ انتظامیہ کیساتھ ایک عملی اور مثبت کاموں پر مبنی تعلق چاہتے ہیں تاکہ ایسے مسائل حل کئے جا سکیں جو نیویارک کے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتے ہیں۔


