شی آن(شِنہوا)چین کے شمال مغربی صوبے شانشی میں آثار قدیمہ کے 6 سالہ جامع سروے کے دوران 573 قدیم پتھریلے قلعے دریافت ہوئے ہیں جن کا تعلق ماقبل تاریخ کے دور سے لے کر شانگ خاندان (1600-1046 قبل مسیح) تک ہے۔
یہ خصوصی تحقیق 2019 سے شانشی کے شہر یولین کی ثقافتی ورثہ اور آثار قدیمہ کی ٹیم نے کی۔ اس نے یولین کے وسیع اور پیچیدہ علاقے کو منظم طریقے سے تلاش کیا۔
موجودہ آبی نظام کے نقشوں کی مدد سے ان قدیم مقامات کی نشاندہی کے بعد فیلڈ ورک میں دریافت شدہ قلعوں کا تفصیلی معائنہ، نمونوں کا جمع کرنا اور فضائی نقشہ سازی شامل تھی۔
سروے سے پتہ چلا کہ یہ بستیاں یانگ شاؤ دور کے آخری حصے میں تقریباً 2800 قبل مسیح سے لے کر شانگ اور ژو (1046-221 قبل مسیح) خاندانوں میں تقریباً ایک ہزار قبل مسیح تک پھیلی ہوئی تھیں۔
ٹیم کے سربراہ ما منگ ژی نے کہا کہ زیادہ تر دریا کے کناروں پر پھیلے ہوئے یہ پتھر کے قلعے دفاعی پتھر کی دیواروں کے بغیر متعدد عام بستیوں سے گھرے ہوئے تھے جو ایک واضح جھرمٹ والے تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ان پتھریلے قلعوں کی ترقی سے معلوم ہوتا ہے کہ وقت کے ساتھ یہ چھوٹے سے بڑے ہو گئے،سادہ سے پیچیدہ منصوبہ بندی اختیار کر گئے اور ابتدائی سے مکمل تعمیراتی تکنیک تک پہنچ گئے اور اس کےساتھ ہی معاشرتی درجہ بندی بھی واضح طور پر نمایاں ہو گئی۔
ما نے مزید کہا کہ یہ سروے چین کے شمالی صوبے میں ماقبل تاریخ کی بستیوں کے آغاز، ترقی، پھیلاؤ اور ارتقا کی جامع سمجھ بوجھ کے لئے اہم معلومات فراہم کرتا ہے۔


