میکسیکو کے مغربی صوبے میچوکان کے شہر اوروپن کے میئر کارلوس مانزو کو ایک تقریب کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد حکام نے بتایا کہ حملے میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
میچوکان صوبہ گزشتہ کئی سالوں سے طاقتور منشیات مافیا کی جانب سے زرعی علاقے میں کسانوں سے بھتہ وصول کرنے اور دیگر جرائم کی وجہ سے مسائل کا شکار رہا ہے۔
مانزو پر فائرنگ ‘ڈے آف دی ڈیڈ’ کے موقع پر جاری تقریب کے دوران کی گئی۔
فائرنگ سے لوگوں میں خوف ہو ہراس پھیل گیا اور وہ ہجوم کی شکل میں بے اختیار تقریب چھوڑ کر بھاگ گئے۔
مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
میئر کے قتل سے چند گھنٹے قبل شمالی میکسیکو کے شہر ہرموسیلو میں ایک سپرمارکیٹ میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔
مقامی حکام کے مطابق مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
صوبہ سونورا کے گورنر الفونسو دورازو نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور تمام متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے ایک جامع اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔



