جیو چھوان(شِنہوا)2 پاکستانی خلانورد چینی خلا نوردوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے جن میں سے ایک کو ایک مختصر مدتی خلائی مشن میں پے لوڈ ماہر کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے کے ترجمان ژانگ جنگ بو نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ رواں سال فروری میں چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کے بعد پاکستانی خلانوردوں کے انتخاب کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ انتخابی عمل چینی خلانوردوں کے انتخاب کے طریقہ کار سے ملتا جلتا ہے اور اسے 3 مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ابتدائی انتخاب، دوسرا مرحلہ اور آخری انتخاب شامل ہے۔ فی الحال ابتدائی انتخاب پاکستان میں جاری ہے جبکہ دوسرا اور آخری مرحلہ چین میں منعقد کیا جائے گا۔
ژانگ کے مطابق دوسرے مرحلے کے لئے تیاریاں پہلے ہی شروع کر دی گئی ہیں جن میں تربیتی پروگراموں کی تیاری، تعلیمی مواد اور آلات کی فراہمی اور تربیت کے دوران لاجسٹک معاونت کو یقینی بنانا شامل ہے۔
حتمی انتخاب کے بعد 2 پاکستانی خلانورد منصوبے کے مطابق چینی خلانوردوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے۔ ان میں سے ایک کو مختصر مدت کے خلائی مشن میں پے لوڈ ماہر کے طور پر منتخب کیا جائے گا جو پاکستان کے لئے سائنسی تجربات انجام دے گا اور پرواز کے دوران معمول کے عملے کے فرائض بھی سرانجام دے گا۔
ژانگ نے کہا کہ ہم اپنے عالمی شراکت داروں کی چینی خلائی سٹیشن کے مشنوں میں شامل ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔



