غزہ/بیت المقدس(شِنہوا)غزہ شہر کے جنوب میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے جن میں ایک بچہ اور ایک شیرخوار بھی شامل ہیں۔
فلسطینی شہری دفاع نے بتایا کہ یہ گھر جنوبی غزہ کے علاقے الصبرہ میں واقع ہے جو البنا خاندان کی ملکیت ہے۔
فلسطینی سیکورٹی ذرائع اور عینی شاہدین نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر اور اس کے اطراف میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی توپ خانے نے وسطی غزہ کے شہر دیرالبلاح کے مضافات اور جنوبی خان یونس کے مشرقی علاقوں پر گولہ باری کی۔
اس سے قبل حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی "خلاف ورزیوں” کا الزام لگاتے ہوئے اعلان کیا کہ اس نے ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش حوالے کرنے کا عمل موخر کر دیا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ لاش کی حوالگی جو منگل کی رات طے تھی، ملتوی کر دی گئی ہے اور خبردار کیا کہ اسرائیلی جارحیت میں کسی بھی اضافے سے "لاشوں کی بازیابی کے جاری سرچ آپریشنز میں رکاوٹ” پیدا ہوگی۔
تنظیم نے بتایا کہ لاش کو جنوبی غزہ میں ایک سرنگ کے اندر تلاش کے دوران برآمد کیا گیا۔
حماس کا یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اس اعلان کے فوراً بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کو "فوری اور طاقتور” حملوں کا حکم دیا گیا ہے۔



