بدھ, اکتوبر 29, 2025
ہومBusiness & Financeسنکیانگ کے ہورگوس پورٹ پر2025 میں8 ہزارسے زائد چین-یورپ مال بردار ٹرینوں...

سنکیانگ کے ہورگوس پورٹ پر2025 میں8 ہزارسے زائد چین-یورپ مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت

ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے میں واقع ہورگوس ریلوے پورٹ سے اس ہفتے کے اوائل میں روزمرہ استعمال کی اشیاء اور الیکٹرانک پرزے لے جانے والی چین-یورپ مال بردار ٹرین پولینڈ کے شہر ملازیویچے کے لئے روانہ ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی رواں سال ہورگوس پورٹ سے گزرنے والی ایسی ٹرینوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یہ سنگ میل 2024 کے اسی سنگ میل سے 40 دن پہلے حاصل کیا گیا۔

ہورگوس کسٹمز نے بتایا کہ بندرگاہ نے 2025 کے آغاز سے اب تک مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت میں مسلسل اضافہ دیکھا ہے اور روزانہ اوسطاً 27 سے زائد ٹرینیں یہاں سے گزرتی ہیں۔

کسٹمز کے مطابق یہ ٹرینیں تیزی سے چین کے پیداواری مراکز جیسے دریائے یانگسی طاس اور دریائے پرل طاس سے وسطی ایشیا اور یورپ کی منڈیوں تک سامان پہنچانے کے لئے استعمال ہو رہی ہیں۔

ایک مقامی بین الاقوامی فریٹ فارورڈنگ کمپنی کے بزنس منیجر لی چھنگ نے کہا کہ چین-یورپ (وسطی ایشیا) ریل سروس کو کئی نمایاں فوائد حاصل ہیں جن میں سمندری راستے کے مقابلے میں تیز تر ترسیل، ہوائی مال برداری سے کم لاگت اور شیڈول میں استحکام شامل ہیں جس کی وجہ سے یہ صارفین میں خاصی مقبول ہو چکی ہے۔

لی نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے اس سال 2 ہزار سے زائد ٹرینوں کا انتظام کیا ہے جو سالانہ بنیاد پر 20 فیصد اضافہ ہے جبکہ کارگو کی مقدار 23 فیصد بڑھ کر 50 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

پورٹ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، درآمدی کارگو کلیئرنس کا وقت 2 سے 3 دن سے گھٹ کر صرف 16 گھنٹے رہ گیا ہے جبکہ برآمدی کارروائی 6 گھنٹے سے کم ہو کر صرف ایک گھنٹے میں مکمل ہو جاتی ہے۔

مجموعی طور پر 50 ہزار سے زائد چین-یورپ (وسطی ایشیا) مال بردار ٹرینیں ہورگوس پورٹ سے گزر چکی ہیں جو 90 راستوں پر چلتی ہیں اور 18 ممالک کے 46 شہروں اور خطوں تک رسائی فراہم کرتی ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!