لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان کو لازم وملزموم ہیں، جدا کرنا دشمن کی خام خیالی ہے، کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح جلد طلوع ہوگی۔
یوم سیاہ کشمیر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ 27اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا اقدام تاریخ عالم کا سیاہ باب ہے، اس دن کے سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمودار ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کا غرور خاک میں ملایا، بھارتی قیادت بنیان مرصوص کی شرمندگی کے باعث وزیراعظم شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے، امریکی صدر کا شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو عظیم قرار دینا بھارت کیلئے ایک اور شکست کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت یاد رکھے کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں جنہیں کوئی جدا نہیں کرسکتا، ہم کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جبمقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔



