بیت المقدس(شِنہوا)اسرائیل نے ریڈ کراس اور مصری ٹیموں کو یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش کے لئے غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے۔
اسرائیلی حکومت کی ترجمان شوش بیدروسیان نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیل نے بازیابی کے کام میں مدد کے لئے ٹیموں کو "پیلی لائن” کے پار جانے کی اجازت دی ہے جو موجودہ فائر بندی کے معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کے انخلا کے علاقے کی نشاندہی کرتی ہے۔
اسرائیلی ترجمان نے کہا کہ حماس نے ابھی تک 13 یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کی ہیں۔ معاہدے کے تحت حماس کو رواں ماہ کے آغاز میں رہا کئے گئے 20 یرغمالیوں کے علاوہ مرنے والے 28 یرغمالیوں کی باقیات بھی حوالے کرنی ہیں۔
یہ بیان اس وقت آیا جب حماس نے کہا کہ وہ مرنے والے یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش کو وسعت دے رہا ہے۔ اس سے ایک دن قبل مصری ماہرین کی ٹیم بھاری سازوسامان کے ساتھ غزہ میں داخل ہوئی تاکہ بازیابی کے عمل میں مدد کر سکے۔



