پیر, اکتوبر 27, 2025
ہومLatestآسٹریلیا کے ساتھ مزیدستحکم تزویراتی شراکت داری قائم کرنے کو تیار ہیں،چینی...

آسٹریلیا کے ساتھ مزیدستحکم تزویراتی شراکت داری قائم کرنے کو تیار ہیں،چینی وزیراعظم

کوالالمپور(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین آسٹریلیا کے ساتھ تزویراتی رابطے برقرار رکھنے، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے اور ایک زیادہ پختہ، مستحکم اور موثر چین-آسٹریلیا جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کو تیار ہے۔

ملائیشیا میں مشرقی ایشیائی تعاون سے متعلق رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ فائدہ پہنچے گا اور خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں بڑا کردار ادا ہوگا۔

چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ رواں سال جولائی میں چینی صدر شی جن پھنگ نے وزیراعظم البانیز سے ملاقات کی تھی اور چین-آسٹریلیا تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے نئے منصوبے پیش کئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے اور مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین آسٹریلیا کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملیوں کی  ہم آہنگی اور پالیسی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین "چین-آسٹریلیا تزویراتی اقتصادی مکالمے” اور "مشترکہ اقتصادی کمیشن” جیسے ادارہ جاتی مکالمہ فورمز کے کردار کو بہتر طور پر استعمال کرنے اور دوطرفہ آزاد تجارتی معاہدے کے جائزے اور بہتری کے نئے راستے تلاش کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عملی اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید مضبوط کریں گے اور ماحول دوست معیشت، جدید ٹیکنالوجی کی صنعتوں اور ڈیجیٹل شعبے جیسے میدانوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کریں گے۔

لی چھیانگ نے کہا کہ چین مزید اہل چینی کمپنیوں کو آسٹریلیا میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے ایک کھلا، شفاف اور غیر امتیازی ماحول فراہم کرے گا۔

چینی وزیراعظم نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو فروغ دیں تاکہ عوامی سطح پر دوستی کے جذبات کو مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں جب عالمی نظم و نسق کے مسائل بڑھ رہے ہیں، چین اقوام متحدہ اور عالمی تجارتی تنظیم جیسے کثیرجہتی فورمز پر آسٹریلیا کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے تاکہ عالمی نظم و نسق میں بہتری لائی جا سکے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!